پنجاب میں نجی ہاؤسنگ شعبے میں اصلاحات کاعمل تیز، قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری
(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے نجی ہاؤسنگ شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نجی ہاؤسنگ سکیموں کے قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی۔
حکومت نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 میں ترمیم کی منظوری دے دی، جبکہ پھاٹا افورڈیبل پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2020 میں بھی تبدیلیوں کی منظوری دی گئی ہے۔
حکومت کے مطابق ہاؤسنگ اصلاحات کے تحت نجی ہاؤسنگ سکیموں کا ریگولیٹری فریم ورک تبدیل کیا جائے گا اور نئی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری و نگرانی کا نظام نئے قواعد کے تحت چلایا جائے گا۔
ترمیم شدہ قواعد کے ذریعے سستی رہائش کے منصوبوں کو فروغ دینے کے ساتھ ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت اور ریگولیٹری نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ نئی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری اور نگرانی کے عمل کو بھی زیادہ مؤثر اور منظم بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
حکومت کے مطابق مجوزہ ترامیم پر عملدرآمد ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیا جائے گا، جس کا مقصد نجی ہاؤسنگ شعبے میں بہتر نظم و نسق، شفافیت اور سستی رہائش کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔
