(لاہور نیوز) حکومت نے صوبے میں گورننس اور انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اصلاحاتی عمل تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس مقصد کے لیے قانونی اور انتظامی اصلاحات کی نگرانی کے لیے اعلیٰ سطحی ریفارم کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جبکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفر اللہ خان کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ریفارم کمیٹی وزیراعلیٰ پنجاب کو قانونی اور انتظامی اصلاحات سے متعلق سفارشات اور تجاویز پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کے دفتر میں ریفارمز سیل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے انتظامی امور چیف سیکرٹری سے مشاورت کے بعد طے کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق ریفارم کمیٹی اپنی سفارشات چیف سیکرٹری کے ذریعے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کرے گی۔ کمیٹی میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس (آئی جی پنجاب) اور سیکرٹری قانون بھی شامل ہوں گے۔
