(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سندر اسٹیٹ میں واقع ایک کولڈ سٹور پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی 25 ہزار کلوگرام سے زائد ایکسپائر اور ناقص ریڈی ٹو کک اشیاء تلف کر دیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کارروائی کی نگرانی کرتے ہوئے بتایا کہ کولڈ سٹور میں موجود 15 لاکھ کلوگرام مختلف فروزن اشیاء کی جانچ پڑتال کی گئی، جس کے دوران 11 ہزار 231 کلو گوشت، 209 کلو ناقص پنیر، 5 ہزار 900 کلو دیگر ریڈی ٹو کک اشیاء، 3 ہزار 632 کلو فروزن سموسے، 2 ہزار 421 کلو ایکسپائر فرنچ فرائز اور ایک ہزار 616 کلو فروزن پراٹھے تلف کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ معائنے کے دوران ایکسپائر اور تازہ سٹاک کو ایک ہی جگہ ذخیرہ کیا گیا تھا، جبکہ مارکیٹ سے واپس آنے والی ایکسپائر اشیاء کی تلفی کا کوئی ریکارڈ بھی پیش نہیں کیا جا سکا، قوانین کی خلاف ورزی پر کولڈ سٹور کو سیل کر کے 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا، مزید برآں، ایکسپائر، ناقص اور واپس شدہ مصنوعات پر نہ تو ٹیگنگ موجود تھی اور نہ ہی مناسب لیبلنگ کی گئی تھی۔
راجہ منصور احمد کے مطابق کولڈ سٹور میں فوڈ سیفٹی کے اصول "فرسٹ اِن، فرسٹ آؤٹ" پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا، جبکہ ایکسپائر اشیاء کی علیحدہ سٹوریج کیلئے مخصوص ریکس بھی موجود نہیں تھے، اس کے علاوہ ضروری سپلائی، واپسی کے ریکارڈ اور دیگر دستاویزات بھی عدم موجود پائی گئیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ادارے کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے ناقص اور ایکسپائر خوراک کی مارکیٹ میں ترسیل کو ناکام بنایا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور غیر معیاری یا ایکسپائر خوراک کی مارکیٹ تک رسائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
