05 Aug 2026
(لاہور نیوز) کتے کے کاٹنے سے ریبیز کا شکار ہونے والا 51 سالہ شخص میو ہسپتال میں دورانِ علاج انتقال کر گیا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق 51 سالہ فرید اللہ کو ریبیز کی علامات ظاہر ہونے پر میو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں اسے ایسٹ میڈیکل وارڈ کے آئسولیشن یونٹ میں زیر علاج رکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے مریض کو طبی سہولتیں فراہم کیں، تاہم ریبیز کی شدت کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا اور دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹنے کی صورت میں متاثرہ شخص کو فوری طور پر زخم کو اچھی طرح دھونا چاہئے اور بلا تاخیر قریبی ہسپتال سے اینٹی ریبیز ویکسین اور ضروری طبی علاج حاصل کرنا چاہئے، کیونکہ علامات ظاہر ہونے سے قبل بروقت علاج زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
