وزیراعلیٰ مریم نواز سے خوشاب کے ایم پی ایز کی ملاقات، عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے خوشاب سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقے کو درپیش عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو خوشاب میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز شریف نے ان مسائل کے فوری اور مؤثر حل کی یقین دہانی کرائی۔
ارکانِ صوبائی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے عوام کو 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ دینے کے اقدام کو بھی سراہا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت پورے ملک اور آزاد جموں و کشمیر کی مقبول ترین عوامی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ آج تمام صوبوں سے یہ آواز آ رہی ہے کہ پنجاب امن و امان سمیت ہر شعبے میں سب سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
