(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ وہ اس دن اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں،پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے جائز حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
گورنر پنجاب کا یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی تھا۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم، کریک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
سردار سلیم حیدر خان نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
