(لاہورنیوز) وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے ایرانی کاروباری وفد نے ملاقات کی، جس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا جبکہ کراچی تا چاہ بہار تجارتی راہداری کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس سے دوطرفہ تجارت میں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ایران اور پاکستان برادر ممالک ہیں اور دونوں کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، انہوں نے بتایا کہ ایرانی وفد نے پاکستان کو برآمدات میں اضافے اور مزید تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات میں چاول، پیٹروکیمیکل اور اسٹیل کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وفاقی وزیر نے کہا کہ ایران کو سالانہ 30 لاکھ ٹن چاول درکار ہیں جبکہ پاکستان کا حصہ بڑھ کر 40 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
قیصر احمد شیخ نے بارٹر تجارت کے فروغ کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ سے زائد آبادی کے ساتھ ایک بڑی منڈی ہے اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں مواقع فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محمود طفیل نے ایرانی وفد کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، ایرانی وفد نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کو ایران کے دورے کی دعوت بھی دی۔
