(لاہورنیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور باقی معاملات کو تکنیکی سطح پر جلد حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی اہم ترجیح ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی حکمت عملی کے لیے نہایت اہم ہے۔
فریقین نے مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنے، تکنیکی سطح پر بات چیت تیز کرنے اور تجارتی فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیر خزانہ نے اس موقع پر پاکستان اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے درمیان تعاون جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی تعاون سے دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے لیے مزید تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔
امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے مذاکرات میں پاکستان کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے لیبر اور ریگولیٹری اصلاحات میں پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا، انہوں نے جبری مشقت سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور امریکا اپنی دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
