فہد شیخ معاملے پر ’’بڑا پن‘‘ کا بیان، فیصل قریشی نے مشی خان کی تنقید کا جواب دے دیا
(ویب ڈیسک)سینئر اداکار سید محمد احمد سے متعلق تنازع پر اداکارہ مشی خان کی تنقید کے بعد فیصل قریشی اور اعجاز اسلم نے پہلی بار اپنے مؤقف کی وضاحت پیش کر دی، تاہم ان کی وضاحت بھی سوشل میڈیا صارفین کو قائل نہ کر سکی۔
حال ہی میں مشی خان نے ایک ویڈیو پیغام میں فیصل قریشی اور اعجاز اسلم کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب فہد شیخ کی معافی کو ’بڑا پن‘ قرار دیا گیا تو یہ مؤقف درست نہیں تھا، کیونکہ ان کے مطابق معافی مانگنا کسی احسان سے کم نہیں بلکہ غلطی کے بعد بنیادی ذمے داری تھی۔ انہوں نے اعجاز اسلم کے ’غیر جانبدار‘ رہنے کے مؤقف پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ غلط بات کے خلاف آواز بلند کرنا ضروری ہوتا ہے۔
اس تنقید کے جواب میں فیصل قریشی اور اعجاز اسلم نے فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا کی بنائی گئی ایک ویڈیو میں اپنی وضاحت پیش کی۔ فیصل قریشی نے کہا کہ ان سے لفظ ’بڑا پن‘ کے استعمال میں غلطی ہوئی۔ ان کے مطابق وہ دراصل یہ کہنا چاہتے تھے کہ سید محمد احمد نے سب کو معاف کرکے بڑے ظرف کا مظاہرہ کیا، نہ کہ فہد شیخ کی معافی مانگنے کو بڑا پن قرار دیا تھا۔
دوسری جانب اعجاز اسلم نے اپنے ’نیوٹرل‘ یا غیر جانبدار رہنے کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی فریق کی حمایت یا مخالفت کرنا نہیں تھا، بلکہ وہ صرف پورے معاملے کا تجزیہ کر رہے تھے، اسی تناظر میں انہوں نے غیر جانبداری کا لفظ استعمال کیا تھا۔
اگرچہ دونوں اداکاروں نے اپنے بیانات کی تشریح پیش کر دی، لیکن سوشل میڈیا پر ان کی وضاحت کو زیادہ پذیرائی نہیں ملی۔ متعدد صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ واقعی اصولی مؤقف رکھتے تھے تو ابتدا میں متعلقہ اداکار کا نام سامنے لانے کا مطالبہ کیوں کیا گیا، جبکہ بعض نے کہا کہ عوامی تنقید کے بعد اب مؤقف تبدیل کیا جا رہا ہے۔
کئی صارفین نے یہ رائے بھی ظاہر کی کہ ایسے معاملات میں غیر جانبدار رہنے کے بجائے واضح طور پر درست اور غلط کا فرق بیان کرنا چاہیے، کیونکہ خاموشی یا غیر جانبداری مستقبل میں دوسروں کے لیے بھی ایسے رویوں کی حوصلہ افزائی کر سکتی ہے۔
