(لاہور نیوز) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم کا انتقال ہو گیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، نائب امیر لیاقت بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں نے اظہار افسوس کیا، امیرالعظیم کافی عرصہ سے علیل تھے اور منصورہ ہسپتال میں داخل تھے ۔
امیر العظیم 1958ء میں لاہور میں پیدا ہوئے، انھوں نے اسلامیہ اسکول سنت نگر سے میٹرک اور اسلامیہ کالج ریلوے روڈ سے ایف ایس سی کا امتحان پاس کیا جبکہ اسلامیہ کالج سول لائنز سے فزکس ڈبل میتھ کے ساتھ بی ایس سی، اور پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
امیر العظیم ایک طویل عرصہ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رہے، اس کے بعد جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹری جنرل اور امیر کے طور پر فرائض انجام دیے، بعدازاں جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر کے طور پر خدمات نبھائیں۔
2019ء میں اپنے دوسرے انتخاب کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکزی مجلس شوریٰ کے مشورے سے امیرالعظیم کو جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر کیا، حافظ نعیم نے بھی ان کو مرکزی سیکرٹری جنرل مقرر کیا۔
