(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک معروف سنیکس یونٹ پر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی 12 ہزار 481 کلو گرام ایکسپائر چاکلیٹس، بسکٹس، کیکس، کوکیز، براؤنی، رس اور دیگر اشیائے خورونوش تلف کر دیں، جبکہ یونٹ کو سیل کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اسد اللہ کی نگرانی میں ہونے والی کارروائی کے دوران فریش مصنوعات کے ساتھ ایکسپائر اشیاء ذخیرہ کرنے، ٹریس ایبلٹی ریکارڈ اور ضروری سپلائی دستاویزات کی عدم موجودگی، رجسٹریشن اور لیبل منظوری کے بغیر مصنوعات کی فروخت، صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل و ٹریننگ سرٹیفکیٹس نہ ہونے سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ زائد المیعاد اشیاء تلف کرنے کا مؤثر نظام بھی موجود نہیں تھا اور سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، انہوں نے واضح کیا کہ غیر محفوظ خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی جاری رہے گی اور عوام کی صحت کے تحفظ پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
