(لاہور نیوز) کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کے داخلے پر پابندی کے بعد ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق کینال روڈ پر لوڈر رکشوں کی آمدورفت بند ہونے سے ٹریول ٹائم میں واضح کمی اور ٹریفک فلو میں خاطر خواہ بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، لوڈر رکشوں کی بندش اور سخت کریک ڈاؤن کے باعث کینال روڈ پر اب تک کوئی مہلک یا غیر مہلک ٹریفک حادثہ پیش نہیں آیا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ماڈل روڈز، بالخصوص کینال روڈ پر چنگ چی اور لوڈر رکشوں کا داخلہ بند کیا گیا ہے، لوڈر رکشوں پر سریا، لوہے کے پائپ اور دیگر بھاری سامان کی نقل و حمل دیگر ٹریفک کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوتی ہے، جبکہ حادثے کی صورت میں یہ گاڑیاں جان لیوا نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق جاری کریک ڈاؤن کے دوران اب تک 5 ہزار 970 چنگ چی رکشوں اور 13 ہزار 888 لوڈر رکشوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید کہا کہ کینال روڈ پر چنگ چی رکشے بے ہنگم ٹریفک اور سست رفتار نقل و حرکت کا سبب بن رہے تھے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
