(لاہور نیوز) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کے دوران برکی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او برکی عمران نواز نے اپنی پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر دورانِ چیکنگ کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دو ملزمان، ارسلان اور طارق مسیح، کو مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اڑھائی کلوگرام سے زائد چرس برآمد ہوئی، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ وہ آن لائن ذرائع سے منشیات منگوا کر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے دیگر مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچنے کیلئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او برکی عمران نواز اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسی لعنت کے خاتمے کیلئے پولیس پرعزم ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
