"اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کا ایک اور سنگ میل، ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے فراہم
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کے "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اب تک پروگرام کے تحت ایک لاکھ 66 ہزار بلاسود قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ گھروں کی تعمیر کے لیے 215 ارب 76 کروڑ روپے سے زائد کی رقم فراہم کی جا چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک ایک لاکھ 5 ہزار 594 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جن میں ہزاروں خاندان منتقل ہو کر اپنی مستقل رہائش کا خواب پورا کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ 28 ہزار 453 گھر زیر تعمیر ہیں، جبکہ 32 ہزار 48 مزید گھروں کی تعمیر کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق پروگرام کے تحت جاری کیے گئے قرضوں میں سے 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کی وصولی بھی کی جا چکی ہے، جبکہ اس سکیم کے لیے مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 954 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو بلاسود ہاؤسنگ فنانس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 91 ہزار 434 مرد، 14 ہزار 7 خواتین اور 23 ٹرانس جینڈر افراد اس پروگرام کے تحت اپنے گھر تعمیر کر چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق دیہی پنجاب میں 60 ہزار 139 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ شہری علاقوں میں 45 ہزار 325 گھروں کی تعمیر مکمل ہونے سے ہزاروں خاندانوں کو باعزت رہائش میسر آئی ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں کم آمدنی والے خاندانوں کو یکساں مواقع فراہم کرتے ہوئے سستی اور باوقار رہائش کے اپنے وژن پر عمل پیرا ہے۔
