(لاہور نیوز) صدر لاہور ریسلنگ ایسوسی ایشن مہر اکرم عرف کالا پہلوان نے محرم الحرام کے احترام میں اکھاڑہ بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام خلیفوں اور استادوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ 10 محرم الحرام تک اپنے اکھاڑے بند رکھیں۔
اس حوالے سے مہر اکرم نے مختلف خلیفوں اور پہلوانوں سے ملاقات کی، جس میں طاہر ببا پہلوان، جہان خان پہلوان، عامر بلوچ پہلوان، تنویر زرگر، مہر وقاص پہلوان، مہر شہزاد پہلوان، خلیفہ سلیم عرف چھیما پہلوان اور علی شوکت پہلوان سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئے۔
مہر اکرم نے کہا کہ آئندہ اتوار کو بھی کسی قسم کے کشتی مقابلے منعقد نہیں کیے جائیں گے جبکہ یوم عاشور کے بعد اکھاڑہ دوبارہ کھود کر ٹریننگ کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر نیاز تقسیم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوم عاشور کے بعد رستم لاہور دنگل کی تیاریوں کا آغاز کیا جائے گا جبکہ تمام اکھاڑوں کے خلیفوں کی میٹنگ طلب کرکے ٹرائلز کے مرحلے کو حتمی شکل دی جائے گی۔
