(لاہور نیوز) داتا دربار لاہور میں 983 ویں سالانہ غسلِ مزار کی تقریب 9 محرم الحرام کو منعقد ہو گی۔
حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر غسل کی تقریب کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب نے فول پروف سکیورٹی کیلئے اہم ہدایات جاری کر دیں جبکہ غسل کی تقریب میں شامل ہونے والے تمام افراد کی مکمل سکیورٹی یقینی بنائی جائے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور اور سی سی پی او ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار کریں، آئی جی پنجاب روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سرچ آپریشنز اور سرپرائز چیکنگ کی تفصیلات محکمہ داخلہ کو بھجوائیں جبکہ خواتین زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے خواتین پولیس اہلکار تعینات کی جائیں۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ نمایاں مقامات پر مناسب تعداد میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائے، تقریب سے قبل ٹریفک مینجمنٹ پلان ترتیب دے کر تمام متعلقہ محکموں کو فراہم کیے جائیں، پارکنگ کے انتظامات داتا دربار سے محفوظ فاصلے پر کیے جائیں، داتا دربار کے قرب و جوار سے لاوارث گاڑیاں فوری طور پر ہٹوائی جائیں جبکہ سپیشل برانچ دربار اور ملحقہ احاطے کی بروقت اور مکمل ٹیکنیکل سویپنگ یقینی بنائے۔
سکیورٹی کےانتظامات بہتر بنانے کے لیے محکمہ داخلہ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ گردو نواح پر نظر رکھنے کیلئے دربار سے ملحقہ چھتوں پر تربیت یافتہ سنائپرز تعینات کیے جائیں، انٹیلی جنس شیئرنگ کیلئے دربار پر متعلقہ اہلکاروں کی تعیناتی یقینی بنائی جائے، تقریبِ غسل کیلئے مختص حصے میں صرف متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ دربار کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں اور مسلسل نگرانی کی جائے، دربار میں آنے والے تمام زائرین کی جامہ تلاشی یقینی بنائی جائے، دربار کے اندرونی و بیرونی حصوں میں سی سی ٹی وی کیمروں سے 24/7 نگرانی یقینی بنائی جائے، لاہور کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی نگرانی کو مذید موثر بنانے جائیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کوئی مشکوک شخص یا گاڑی شہر میں داخل نہ ہونے دی جائے، شر پسند عناصر پر نظر رکھنے کیلئے سادہ کپڑوں میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں، ریڑھی بان اور خوانچہ فروشوں کی نگرانی کیلئے ضابطہ اخلاق مرتب کیا جائے، فائر برگیڈ، بم ڈسپوزل سکواڈ، ریسکیو 1122 ایمبولینس اور میڈیکل سٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے تاہم لنگر اور سبیل میں کسی بھی قسم کی مضر صحت ملاوٹ کو روکنے کیلئے مسلسل نگرانی کی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی ہے کہ لنگر اور سبیل کی تقسیم کے مقامات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں تعینات کی جائیں، لاؤڈ سپیکر کا استعمال صرف مقررہ اور اجازت یافتہ مقامات پر کیا جائے، دربار کے احاطے اور گردونواح میں بہترین صفائی انتظامات کیلئے ستھرا پنجاب ٹیمیں تعینات کی جائیں، مقامی انتظامیہ تمام کھلے مین ہول سیل کرے اور نکاسی آب کا بہترین انتظام کیا جائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے آئی جی پنجاب، سیکرٹری اوقاف، سی سی پی او، کمشنر لاہور، ڈی جی ریسکیو، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ڈائریکٹر پنجاب سول ڈیفنس، ایس پی سکیورٹی لاہور اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار لاہور کو مذکورہ بالا ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
