نیب کی کاوشوں سے دو دہائیوں سے منتظر ہزاروں متاثرین کو پلاٹوں کا قبضہ مل گیا
(لاہور نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کی کاوشوں، سرکاری اداروں کے تعاون اور کاروباری حلقوں کے اشتراک سے سٹیٹ لائف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے تقریباً دو دہائیوں سے متاثرہ 2 ہزار 988 الاٹیز کو پلاٹوں کا قبضہ دے دیا گیا۔
لاہور میں لیک سٹی میڈوز کے مقام پر منعقدہ تقریب میں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے متاثرین میں قبضے کے لیٹرز تقسیم کئے ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیب عوامی مفادات کے تحفظ اور شہریوں کی مالی داد رسی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔
اسٹیٹ لائف کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے خلاف شکایات کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب پلاٹوں کی فراہمی میں تاخیر اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے باعث متاثرین نے نیب سے رجوع کیا۔
نیب کے مطابق سوسائٹی کے لیے 5 ہزار کنال اراضی خریدی جانی تھی، تاہم اس کے نام صرف 63 کنال اراضی منتقل کی گئی، اس معاملے میں ایک ارب 14 کروڑ 50 لاکھ روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں پر 2014 میں تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
سال 2024 میں سوسائٹی کا لیک سٹی ہولڈنگز کے ساتھ الحاق ہونے کے بعد مسئلے کے حل کی راہ ہموار ہوئی، نیب کی نگرانی، چیئرمین لیک سٹی گوہر اعجاز اور دیگر شراکت داروں کی کوششوں سے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے گئے۔
جنوری 2025 میں 6 ہزار 750 متاثرین کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کیے گئے تھے اور تین سال کے اندر قبضہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت سے قبل ہی 2 ہزار 988 متاثرین کو قبضے کے لیٹرز فراہم کر دیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ جس اراضی کی مالیت ڈیڑھ سال قبل تقریباً 4 ارب روپے تھی، وہ اب بڑھ کر 50 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے اور مستقبل میں اس کی مالیت 200 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے۔
ڈی جی نیب لاہور مرزا فاران بیگ نے مسئلے کے حل میں بورڈ آف ریونیو، ایل ڈی اے، واسا اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا جبکہ ڈی جی آپریشنز نیب امجد مجید اولکھ نے کہا کہ نیب کی مداخلت سے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک قابل عمل اور پائیدار حل ممکن ہوا۔
سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید نے اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور شفاف طرز حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا، چیئرمین لیک سٹی ہولڈنگز گوہر اعجاز نے اس پیش رفت کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ منظور شدہ فریم ورک کے مطابق باقی ترقیاتی کام بھی جلد مکمل کیے جائیں گے۔
تقریب میں آئی جی پنجاب، آئی جی جیل خانہ جات، ڈی جی ایل ڈی اے، رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب، نیب کے سینئر افسران اور متاثرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
