(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے مختلف شہروں میں ٹیکس نادہندگان اور ٹیکس ریکارڈ میں خرد برد کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 9 مقامات کو سربمہر کر دیا۔
ترجمان پی آر اے کے مطابق لاہور میں ایک معروف فوڈ چین کے 3 آؤٹ لیٹس کو ٹیکس ریکارڈ میں خرد برد اور بے ضابطگیوں کے باعث سیل کر دیا گیا، راولپنڈی میں ٹیکس کی عدم ادائیگی پر 2 بلڈرز کے دفاتر سربمہر کئے گئے۔
فیصل آباد میں 4 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو ٹیکس واجبات ادا نہ کرنے پر نوٹسز جاری کئے گئے جبکہ متعلقہ دفاتر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشواروں میں جعلسازی، غلط معلومات فراہم کرنے اور بروقت گوشوارے جمع نہ کروانے والے افراد اور اداروں پر بھاری جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔
چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے کہا ہے کہ پوائنٹ آف سیل سسٹم کے تحت بل جاری نہ کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف بھی سخت کارروائیاں کی جائیں گی، ٹیکس ادائیگیوں میں دھوکہ دہی کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کو نوٹسز جاری کئے جا رہے ہیں۔
چیئرمین پی آر اے کا مزید کہنا تھا کہ مسلسل ٹیکس ادائیگی سے گریز کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے۔
