پی ڈی ایم اے کا ہیٹ ویو الرٹ، اضلاع کی انتظامیہ کو پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ ہفتے کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبے بھر میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 12 جون کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری جبکہ جنوبی پنجاب میں 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ لاہور سمیت دیگر اضلاع میں بھی شدید گرمی کی صورتحال متوقع ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام انتظامیہ پیشگی انتظامات کو یقینی بنائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق رات کے اوقات میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں۔ بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔
کاشتکاروں کو فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 کو ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔
