(لاہور نیوز) مون سون سیزن اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضلعی انتظامیہ لاہور نے پیشگی انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں دریائی اور شہری سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کیلئے مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، واسا حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارے کے 617 ڈی واٹرنگ سیٹس اور 134 ڈسپوزل اسٹیشنز مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور نے شہر کے 9 زونز میں 70 ڈی واٹرنگ سیٹس ہائی الرٹ رکھنے کا منصوبہ پیش کیا۔
محکمہ انہار اور روڈا نے حفاظتی بندوں کی صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ نالوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، ریسکیو 1122 نے واٹر ریسکیو اور ہنگامی امدادی کارروائیوں کا جامع پلان پیش کیا، جبکہ سول ڈیفنس کے 139 تربیت یافتہ رضاکار کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق دریائے راوی کے اطراف 38.95 میل طویل حفاظتی بندوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور دریائی پٹی کے 35 موضع جات کیلئے حفاظتی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ممکنہ متاثرین کی امداد کیلئے 65 ریلیف کیمپس بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ مون سون کے آغاز سے قبل تمام حفاظتی اور انتظامی اقدامات ہر صورت مکمل کئے جائیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کنٹرول روم کو 24 گھنٹے فعال رکھنے اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ یقینی بنایا جائے، انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
