(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ’’گو کیش لیس‘‘ مہم کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔
ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل لین دین میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران ’’گو کیش لیس‘‘ مہم کے تحت مجموعی طور پر 34 ارب روپے مالیت کی 4 لاکھ 80 ہزار ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز انجام دی گئیں۔
مرکزی بینک کے مطابق ملک بھر کی 123 مویشی منڈیوں میں اس مہم کو فعال انداز میں فروغ دیا گیا تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور کیو آر کوڈز کی فراہمی کیلئے خصوصی موبائل گاڑیاں مختلف منڈیوں میں تعینات کی گئیں، ان موبائل یونٹس میں اے ٹی ایمز اور کیش ڈپازٹ مشینیں بھی نصب تھیں تاکہ صارفین کو مالیاتی خدمات تک فوری رسائی حاصل ہو سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال عیدالاضحیٰ کے دوران 4.6 ارب روپے کے ڈیجیٹل لین دین کے مقابلے میں رواں سال یہ حجم تقریباً سات گنا بڑھ کر 34 ارب روپے تک پہنچ گیا، اس دوران 12 ہزار 500 نئے بینک اکاؤنٹس بھی کھولے گئے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ’’گو کیش لیس‘‘ مہم کی کامیابی عوام کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل بینکاری کے رجحان اور جدید مالیاتی نظام پر اعتماد کی عکاس ہے، جو ملک میں مالیاتی شمولیت کے فروغ کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
