(لاہور نیوز) ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ دستاویز کے مطابق 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2800 روپے تک پہنچ گئی ہے، کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2800 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جو ملک بھر میں سب سے زیادہ قیمت ہے، پشاور میں یہی تھیلا 2750 روپے تک دستیاب ہے، جبکہ اسلام آباد میں اس کی قیمت 2733 روپے اور راولپنڈی میں 2707 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق کوئٹہ اور بنوں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2700 روپے تک پہنچ چکی ہے، اسی طرح حیدرآباد میں آٹے کا تھیلا 2600 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ خضدار اور لاڑکانہ میں اس کی قیمت 2400 روپے تک ہے۔
فیصل آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2350 روپے، گوجرانوالہ میں 2333 روپے اور ملتان میں 2267 روپے ریکارڈ کی گئی ہے، لاہور میں آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا 2250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہریوں کے گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جبکہ عوام نے حکومت سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
