(لاہور نیوز) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے افق پر بادلوں نے ڈیرے جما لیے ہیں، آئندہ دو روز کے دوران شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج اور کل مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ موسمی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی متوقع ہے اور موسم نسبتاً خوشگوار ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس وقت لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو حبس کا احساس بھی ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس سے شہر کے درجہ حرارت میں کمی اور موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے۔
