(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ ملے نہ ملے گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کروں گا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے گلگت میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ میں وہ نواز شریف ہوں جو کسی پر تنقید کرکے نہیں بلکہ کارکردگی پر ووٹ مانگتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی عوام کو دیکھ کر جلسے میں شرکت پر خوشی ہوئی، گلگت بلتستان سے دلی محبت ہے، جب وزیر اعظم تھا تو کئی بار گلگت اور سکردو گیا تھا، تاہم اب گلگت بلتستان کی جانب آنے والی سڑکوں کا برا حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی پارٹی یا حکومت کے خلاف بات کرنے نہیں آیا، گلگت اور ملحقہ علاقوں میں بہترین شاہراہیں بچھائیں تھیں، پوچھنا چاہتا ہوں کہ گلگت بلتستان کو نظر انداز کیوں کیا گیا؟
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں نے آج تک کسی کی برائی کر کے ووٹ نہیں مانگا، 50 ارب روپے کی لاگت سے گلگت سے سکردو تک سڑک کی تعمیر کی گئی تھی، ہم نے ہائیڈل پاور منصوبے شروع کیے، وہ اب تک مکمل کیوں نہیں ہوئے؟
نواز شریف نے کہا ہم نے ملک بھر میں موٹر وے کا جال بچھایا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ووٹ ملے یا نہ ملے، گلگت بلتستان میں سہولیات فراہم کروں گا، ہماری حکومت بنتی ہے تو ہر دوسرے ماہ یہاں آؤں گا۔
انہوں نے سوال کیا کہ گلگت ایئرپورٹ کوجدید خطوط پراستوار کیوں نہیں کیا گیا؟ ٹنل گزشتہ 70 برس سے التوا کا شکارتھی، اربوں روپے خرچ کرکے منصوبہ مکمل کیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے سولر منصوبوں کے ذریعے گلگت بلتستان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم شہباز شریف اور مریم نواز بھی گلگت بلتستان کا دورہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے خنجراب پاس تک سڑکوں کے نیٹ ورک کی بہتری کے حوالے سے بات کریں گے، گلگت بلتستان سی پیک کا اہم مرکز ہے، اس لیے اس خطے کی ترقی قومی ترقی کے لیے بھی ضروری ہے۔
خطاب کے دوران نواز شریف نے ہونہار طلبہ کو سکالرشپس اور لیپ ٹاپ فراہم کرنے، نوجوانوں کے لیے بلا سود قرضوں کے اجراء اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ووٹ مانگنے نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مسائل کے حل کے لیے آئے ہیں، اب جو منصوبے شروع ہونگے ان کی نگرانی میں خود کروں گا۔
مزید برآں، قائد مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو پنجاب میں گھر مل رہے ہیں،جبکہ گلگت کے نوجوانوں کو کاروبار کیلئے بلا سود قرضے ملنے چاہییں۔
