(لاہور نیوز) سینٹرل پولیس آفس میں پولیس شہدا کے بچوں میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے پولیس شہدا کے 21 بچوں میں جدید لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لیپ ٹاپس حاصل کرنے والوں میں میڈیکل، ایل ایل بی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید ٹیکنالوجی پروگرامز میں زیر تعلیم طلبا و طالبات شامل ہیں، اس اقدام کا مقصد شہدا کے بچوں کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور انہیں تعلیمی و پیشہ ورانہ میدان میں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع دینا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈز کے تحت اب تک پولیس شہدا کے 329 بچوں کو لیپ ٹاپس فراہم کئے جا چکے ہیں، جن میں سے 127 بچوں کو رواں سال یہ سہولت دی گئی ہے، جدید لیپ ٹاپس طلبا و طالبات کے تعلیمی، پیشہ ورانہ کیریئر اور سکلز ڈویلپمنٹ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک و قوم کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکاروں کی فیملیز کی فلاح و بہبود کیلئے مزید وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، پولیس شہدا کے بچوں کو ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کیلئے مختلف سکالرشپس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لیپ ٹاپس حاصل کرنے والوں میں لاہور کے 2، شیخوپورہ کے 3، جھنگ کے 3، گوجرانوالہ کے 2، سیالکوٹ کے 2 اور ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب کے 2 طلبا و طالبات شامل ہیں۔
اسی طرح راولپنڈی، فیصل آباد، اوکاڑہ اور مظفر گڑھ سمیت سی ٹی ڈی، پی ایچ پی اور پولیس ٹریننگ سکول سرگودھا کے ایک ایک طالب علم کو بھی لیپ ٹاپ فراہم کیا گیا، تقریب میں شہدا کے اہل خانہ اور پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔
