(لاہور نیوز) پنجاب میں ڈویژنل سٹریٹجک ریزروز مینجمنٹ کمیٹیز قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ہر ڈویژن میں کمشنر کمیٹی کے کنوینر جبکہ ڈپٹی کمشنرز شریک کنوینئر ہوں گے، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈائریکٹر ایگریکلچر، ضلعی فوڈ کنٹرولرز اور بینک نمائندگان بھی کمیٹیوں میں شامل ہیں۔
فارمرز، فلور ملز اور لائسنس یافتہ کمیشن ایجنٹس کے نمائندوں کو بھی کمیٹیوں کا حصہ بنایا جائے گا، کمیٹیاں غیر قانونی خریداری، ذخیرہ اندوزی اور غیر مجاز نقل و حمل روکنے کی ذمہ داری ہوں گی۔
گندم کی گوداموں تک ترسیل، سکیورٹی اور لا اینڈ آرڈر کی نگرانی بھی کمیٹیاں کریں گی، حکومت نے کسانوں کو ادائیگی صرف منظور شدہ بینکنگ چینلز کے ذریعے یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
کمیٹیاں خریداری کے عمل، ادائیگیوں، کسانوں کی شمولیت اور مسائل سے متعلق باقاعدہ رپورٹس ڈی جی فوڈ کو ارسال کریں گی۔
کسی بھی خلاف ورزی، تنازع یا بدامنی کی فوری رپورٹ متعلقہ حکام کو دینے کا حکم دیا گیا، حکومت کے مطابق نئی کمیٹیاں گندم خریداری نظام میں شفافیت، نگرانی اور ذخائر کے مؤثر انتظام کو یقینی بنائیں گی۔
