(لاہور نیوز) کینٹ ڈویژن پولیس نے موٹرسائیکل چوری اور موبائل سنیچنگ میں ملوث خطرناک گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی “ریحان گینگ” کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کینٹ ڈویژن پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر ایس ڈی پی او باغبانپورہ وجیہہ الحسن کی سربراہی میں ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد اور پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ ریحان اور اس کا ساتھی امتیاز شامل ہیں، جو موٹرسائیکل چوری اور موبائل سنیچنگ کے 18 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔
ایس ڈی پی او باغبانپورہ وجیہہ الحسن نے بتایا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کیا گیا، فوٹیج میں ملزمان کو مسجد کے باہر سے موٹرسائیکل چوری کر کے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 2 موٹرسائیکلیں، ماسٹر چابیاں، 6 موبائل فونز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا، ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے غیر قانونی پارکنگ اور گلی محلوں میں بغیر لاک کھڑی موٹرسائیکلیں چوری کرنے کا اعتراف بھی کیا۔
پولیس حکام کے مطابق برآمد ہونے والی موٹرسائیکلیں مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھیں۔
ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محسن شہزاد اور پولیس ٹیم کیلئے تعریفی اسناد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
