(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے سکول بیسڈ اسیسمنٹ کے نظام کو مزید شفاف اور معیاری بنانے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے پرچوں کی ویلیڈیشن کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں پیکٹانے صوبہ بھر سے 25 فیصد سکولوں کے اسیسمنٹ پرچے طلب کر لیے ہیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام اضلاع کے سی ای او ایجوکیشنز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ سالانہ امتحانات کے منتخب پرچے جانچ کے لیے جمع کروائے جائیں۔ منتخب سکولوں سے جماعت سوم تا ہشتم کے طلبہ کے پرچے طلب کیے گئے ہیں۔
ہدایات کے مطابق ہر کلاس میں طلبہ کے فرسٹ، مڈل اور آخری رول نمبر کے پرچے شامل کیے جائیں گے، جبکہ غیر حاضر طالبعلم کی جگہ اگلے رول نمبر کا پرچہ شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر سکول کے پرچوں کو الگ لفافے میں پیک کرنے اور ہیڈ ٹیچر سے دستخط شدہ فہرست ساتھ جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پیکٹا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مارکنگ سکیم اور سکول بیسڈ اسیسمنٹ روبریکس بھی پرچوں کے ساتھ ارسال کی جائیں گی۔ تمام اضلاع کو ہدایت دی گئی ہے کہ 15 مئی 2026 تک یہ پرچے پیکٹا ہیڈکوارٹر بھجوا دیے جائیں۔
حکام کے مطابق پرچوں کی جانچ کا مقصد سکول بیسڈ اسیسمنٹ سسٹم کی شفافیت اور معیار کا جائزہ لینا ہے۔ اس عمل کی ذمہ داری پیکٹا کے اسیسمنٹ اینڈ ایگزامینیشن یونٹ کو سونپی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بعض سکولوں میں من پسند طلبہ کو پاس کرنے کی شکایات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔
