(ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور متوقع موسمی شدت نے تعلیمی نظام پر اثر ڈالنا شروع کر دیا ہے، جس کے باعث اسکولوں کے شیڈول میں بڑی تبدیلی زیر غور ہے۔
پنجاب میں شدید گرمی، ہیٹ ویو الرٹ اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات کے باعث تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں معمول سے پہلے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے مئی، جون اور جولائی کے لیے جاری ایڈوائزری میں خبردار کیا گیا ہے کہ 7 سے 11 مئی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا، جبکہ ہیٹ ویو کا بھی خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تعطیلات 27 سے 29 مئی تک متوقع ہیں، جبکہ 30 اور 31 مئی کو ہفتہ وار تعطیلات ہونے کے باعث طویل وقفہ بن جائے گا۔ اسی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسکول 27 مئی سے ہی بند کر دیے جائیں گے، حالانکہ معمول کے مطابق گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے شروع ہوتی ہیں۔
دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے گرمیوں اور سردیوں کی تعطیلات میں کمی کی تجویز دی ہے تاکہ تعلیمی دنوں کی تعداد 180 سے بڑھا کر 190 تک کی جا سکے۔
ادھر نجی تعلیمی اداروں نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران صبح 7 بجے سے 10 بجے تک سمر کیمپس کی اجازت دی جائے، تاکہ طلبہ کی پڑھائی کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق حتمی فیصلہ موسم کی صورتحال اور رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد کیا جائے گا۔
