معرکہ حق میں فتح پر دنیا کو پاکستان کی صلاحیت کا پتہ چل گیا، ملک محمد احمد خان
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں فتح پر دنیا کو پاکستان کی صلاحیت کا پتہ چل گیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ صوبے میں قانون سازی بہترین انداز میں جاری ہے اور حکومت گورننس کے ساتھ ساتھ سوشل ریفارمز پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے، جو ماضی میں کم ہی دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ معاشرتی بہتری کیلئے پنجاب حکومت نے تاریخی اقدامات کئے ہیں، خاص طور پر صفائی اور سینیٹیشن کے شعبے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، ماضی میں دیہی علاقوں میں گندگی کو معمول سمجھ لیا گیا تھا، تاہم موجودہ قیادت نے اس سوچ کو بدلنے کا فیصلہ کیا، صوبے بھر کے اضلاع اور تحصیلوں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
سپیکر نے “ستھرا پنجاب” پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر عوامی تحفظات موجود تھے، تاہم حکومتی اقدامات سے ان خدشات کو دور کیا گیا اور اب صفائی کے نظام میں بہتری نظر آ رہی ہے، جب ادارے مؤثر انداز میں کام کریں تو عوامی حمایت خود بخود حاصل ہو جاتی ہے۔
علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات عائد کئے گئے، پاکستان نے ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے شواہد کیلئے تیسرے فریق کی پیشکش کی، جبکہ عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کے ذریعے امن کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ جنگی حالات میں سچ سب سے پہلے متاثر ہوتا ہے، تاہم پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقائق دنیا کے سامنے رکھے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے بتایا کہ “معرکہ حق” کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا، جبکہ صوبائی اسمبلی کے دو پارلیمانی سال مکمل ہو چکے ہیں اور اب پبلک پٹیشنز کا نظام بھی فعال ہو رہا ہے، جس سے عوام کو براہ راست اپنی آواز پہنچانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں ویسٹ واٹر پلانٹس لگا رہی ہے، خاص طور پر ایک لاکھ سے زائد آبادی والے علاقوں میں یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے، صنعتی شعبوں میں مزدوروں کی صحت کے مسائل، جیسے سرگودھا میں پتھر کاٹنے والے مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے اور ملک کی خارجہ پالیسی کو سراہا جا رہا ہے، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
