(لاہور نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 214 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) مکمل کر لئے، جن کے دوران 21 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، خانیوال، میانوالی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، گجرات، پاکپتن اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں کی گئیں، حکام کا کہنا ہے کہ یہ آپریشنز خفیہ معلومات کی بنیاد پر کئے گئے، جن کا مقصد ممکنہ دہشت گردی کی کارروائیوں کو بروقت ناکام بنانا تھا۔
ترجمان کے مطابق لاہور سے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا ایک مبینہ خطرناک دہشت گرد پیر شمس کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے عبداللطیف نامی ملزم کو بھی دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حراست میں لیا گیا، جسے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک آئی ای ڈی بم، 17 ڈیٹونیٹرز، 39 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ سٹیکرز، کتابیں اور نقدی برآمد کی گئی، ترجمان کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد مختلف مقامات پر دہشت گردی کی کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے۔
مزید برآں، رواں ہفتے کے دوران سی ٹی ڈی نے 5040 کومبنگ آپریشنز بھی کئے، جن میں 18 ہزار 932 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 587 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ادارہ "محفوظ پنجاب" کے ہدف کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور صوبے میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے ایسی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
