(لاہور نیوز) نائب امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران مذاکرات کی کامیابی امن کو یقینی بنائے گی۔
اپنے بیان میں علاقائی و داخلی امور پر اظہار خیال کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے سعودی عرب کے حوالے سے کہا کہ “سعودی عرب تیرا شکریہ، پاک سعودیہ دوستی زندہ باد” ، انہوں نے خطے میں امن کیلئے چین، پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور ایران کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینا انڈیا اور اسرائیل کا مشترکہ منصوبہ ہے، امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی کامیابی خطے میں امن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ اسرائیل اس کامیابی کو اپنے لئے خطرہ سمجھتا ہے۔
ملکی معاملات پر بات کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا حکومتی ناکامی ہے، گندم خریداری کے عمل میں کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں فی من 3500 روپے کا مناسب ریٹ نہیں مل رہا، جو کہ کسانوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
