
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں 9ویں محرم الحرام کے موقع پر اہم مقامات، مجالس اور جلوسوں میں خصوصی ریسکیو ٹیمیں متعین کرنے کے ساتھ ساتھ تمام خصوصی مقامات پر ریسکیو ایمرجنسی پوسٹیں قائم کر دی گئیں۔
صوبائی دارالحکومت میں 1350 ریسکیور، 55 ایمبولینس اور 300 ریسکیو موٹر بائیک ہائی الرٹ ہیں جبکہ کسی بڑی ایمرجنسی کو ڈیل کرنے کیلئے 2 سپیشلائزڈ ہائی ٹیک اسنارکل اور 42 فائر و ریسکیو وہیکلز متعین کی گئی ہیں۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق عزاداروں کو فوری ابتدائی طبی امداد کیلئے مجالس کیساتھ ریسکیو پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ بڑے جلوسوں کے آگے اور پیچھے اضافی ایمبولینسز بھی متعین ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ عاشق حسین روڈ شادمان کالونی، اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ کے جلوسوں میں ریسکیو ایمرجنسی پوسٹیں قائم ہیں، اسی طرح اڈا چوہنگ عدالت شاہ دربار میں منعقدہ مجلس و جلوس کے شرکاء کیلئے ریسکیو ایمرجنسی پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ رائے ونڈ چک بوٹا سمیت دیگر جگہوں پر منعقدہ جلوس و مجلس کے شرکاء کیلئے ریسکیو ایمرجنسی پوسٹیں بھی موجود ہیں۔