(لاہور نیوز) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر خواتین کو سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے باقاعدہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبہ بھر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسینیشن بھی لگائی جائے گی۔
صوبائی وزراء خواجہ عمران نذیر اور رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ صحت و آبادی میں اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب اور سیکرٹری سکولز خالد نذیر شریک ہوئے جبکہ سپیشل سیکرٹری، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر خلیل سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
صوبائی وزراء نے سروائیکل کینسر کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کا عزم کیا اور سروائیکل کینسر کے خاتمے کے لئے بچیوں کی ویکسینیشن مہم نومبر سے شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
مہم میں 9 سے 14 سال تک کے بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی، مہم کا دائرہ کار سرکاری سکولوں کے علاوہ پرائیویٹ سکولز اور مدرسہ تک پھیلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، محکمہ صحت کی ٹیمیں سکولوں میں جا کر بچیوں کو ویکسین دیں گی۔
خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ہدایت پر مقامی ہیلتھ سینٹرز پر بھی ویکسین دستیاب ہو گی، اجلاس میں مہم کی 100 فیصد کامیابی کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں 8 ملین طالبات کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا، اساتذہ اور والدین کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے سیمینار اور آگاہی مہم شروع کرنے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ نتائج کیلئے صحت و تعلیم کے سی ای اوز کی مشترکہ کانفرنس کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
