بھارت ہمیشہ دہشتگردی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال کر سیاسی فائدہ اٹھاتا ہے: پاک فوج

(لاہور نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ دہشتگردی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال کر سیاسی فائدے لینے کی کوشش کرتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ٹی آر ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں 6 مقامات پر حملے کر کے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، پاکستان بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد حکومت پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، حکومت پاکستان نے آزادانہ اور غیر جانبدارتحقیقات کی پیش کش کی، بھارت نے پاکستان کی یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا، بھارت کی جانب سے پاکستان پر بغیر ثبوت الزام کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت ہمیشہ دہشتگردی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال کر سیاسی فائدے کی کوشش کرتا ہے، بھارت نے پاکستان پر حملہ بغیر کسی قابل اعتبار ثبوت کے کیا، بھارت نے مساجد پر بمباری کی اور خواتین سمیت بچوں کو شہید کیا، بھارت سے مطالبہ ہے کہ کوئی ثبوت ہیں تو کسی غیر جانبدار ملک کو پیش کرے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارتی گولہ باری کا سامنا ہے اور بھارت کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بدقسمتی سے وہ جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان صرف چھوٹے ہتھیاروں سے جواب دے رہا ہے، ڈرون، راکٹ یا بڑے حملے نہیں کیے جا رہے، پاکستان لائن آف کنٹرول پر صرف اُن بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جو پاکستانی علاقے میں فائرنگ کر رہی ہیں، یہ کارروائی صرف دفاعی نوعیت کی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا ہے کہ ہم صرف چھوٹے ہتھیاروں کے ذریعے چوکیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، یہ کسی بڑے حملے جیسا نہیں ہے جیسا کہ بھارتی میڈیا نے گزشتہ رات سے ایک سنسنی پھیلائی ہے، بھارت کی جانب سے ایک مکمل میڈیا مہم چلائی جا رہی ہے کہ پاکستان نے ڈرون، طیارے اور بین الاقوامی سرحد پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں، یہ سراسر جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا ہے جس کے کوئی ثبوت موجود نہیں اور یہ بہت مضحکہ خیز ہے۔