
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ناقص انتظامات پر ہوسٹل میس اور معروف ریسٹورنٹ بند کر دیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق کارروائی ان فوڈ پوائنٹس کے خلاف کی گئی جنہوں نے سابقہ ہدایات پر عملدرآمد نہیں کیا، لاہور کے طلبہ ہاسٹلز کے اطراف میں خوراک کی فراہمی کے مراکز کی سخت چیکنگ جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کئی تشویشناک حقائق سامنے آئے جس میں ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس موجود نہیں تھے، پراسیسنگ ایریا میں ٹوٹا ہوا فرش، گندے پانی اور مکھیوں کی بھرمار دیکھی گئی، کچن میں چوہے، چھپکلیاں، کھلی نالیاں اور بدبو دار ماحول پایا گیا۔
اس کے علاوہ تیار شدہ اشیاء پر تاریخِ اجراء یا تنسیخ درج نہیں تھی، کھانے کی اشیاء بغیر ڈھانپے کاؤنٹر پر رکھی گئی تھیں، ٹوٹے گلاس، بدبودار ٹیبل اور نان فوڈ گریڈ برتنوں کا استعمال ہو رہا تھا۔