(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہمیں ابھی تک پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ نہیں ملا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ آئے گا تو ہم اجلاس میں شریک ہوں گے، حکومت نے آپریشن کی بات کی تو ہم نے ہی ان کیمرہ بریفنگ کی تجویز دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ارکان اسمبلی کی حفاظت کر رہے ہیں، اگر پارلیمان کو آگے لے کر جانا ہے تو کسی صورت میں اس طریقے سے آئینی ترمیم نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ سپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماؤں کا اہم اجلاس 2 اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر رکھا ہے، اجلاس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام پارلیمانی رہنماؤں کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماؤں پر مشتمل اجلاس ان کیمرہ ہو گا۔