
(لاہور نیوز) پنجاب کے مختلف سیکٹرز کی آٹھ ترقیاتی سکیموں کیلئے 27ارب روپے سے زائد کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔
چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب بیرسٹر نبیل احمد اعوان کے زیر صدارت صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا پہلا اجلاس ہوا جس میں مختلف سیکٹر زکی 8ترقیاتی سکیموں کیلئےمجموعی طور پر 27 ارب 84 کروڑ 25 لاکھ 39 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ انٹرن شپ پروگرام کیلئے ایک ارب روپےکی منظوری دی گئی، وزیر اعلیٰ ہمت کارڈ پروگرام کیلئے ایک ارب 94کروڑ 45لاکھ 39ہزار روپے کی منظوری دی گئی۔
ضلع منڈی بہاؤالدین میں گجرات سرگودھا روڈ کی بحالی کیلئے 67لاکھ روپے منظور کیے گئے، ٹھاٹ پائل روڈ کی بحالی کیلئے 4 ارب 50کروڑ روپے کی منظوری دی گئی،ضلع بھکر میں باؤنڈری خوشاب سے دریا خان تک سڑک کی بحالی کیلئے 6 ارب 4کروڑ 60لاکھ روپے منظور کیے گئے۔
بیرسٹر نبیل اعوان نے کہاکہ ترقیاتی سکیموں میں مکمل شفافیت اور میرٹ پر کام کو یقینی بنانے کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔