(لاہور نیوز) عید کے دوسرے روز لاہور کا زو سفاری پارک فیملیز کیلئے پکنک پوائنٹ بن گیا، بچوں اور بڑوں نے سفاری پارک میں خوب ہلہ گلہ کیا۔
چڑیا گھر کی بندش کے باعث بچوں نے فیملیز کے ہمراہ لاہور کے زو سفاری پارک کا رخ کیا جہاں شیر اور ٹائیگر کو دیکھنا کسی ایڈونچر سے کم نہیں، مچھلیوں کا ایکویریم، پرندوں کے پنجرے اور ہرن ڈیزرٹ سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہے، بچوں نے عید کے دوسرے روز کو خوب یادگار بنایا۔
فیملیز کے چہرے ان کی خوشی کی ترجمانی کرتے رہے، لوگوں کا کہنا تھا کہ زو سفاری پارک نے عید کا مزہ دوبالا کر دیا۔
زو سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹر غلام رسول نے بتایا کہ اس سال پارک میں نئی چیزوں کا اضافہ کیا گیا ہے جو لوگوں کیلئے اچھی تفریح کا باعث بن رہے ہیں۔
زو سفاری پارک میں اس سال الیکٹرک وہیکلز کا بھی انتظام کیا گیا جو سیاحوں کو پورے پارک کی سیر کرواتی رہیں۔