(لاہور نیوز)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے زیراہتمام گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) میں "کرائم سٹاپر سروس" بارے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق چیف لاء اینڈ پروکیورمنٹ ظفر جاوید ملک اور ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر اریبہ بٹ نے سروس بارے بریفنگ دی، سیمینار میں طلباو طالبات کو "کرائم سٹاپر" نمبر پر جرائم کی خفیہ اطلاع دینے کے طریقہ کار اور پنجاب پولیس ویمن سیفٹی ایپ کی ورکنگ بارے بتایا گیا۔
چیف لاء سیف سٹی ظفر جاوید ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس جرائم کی سرکوبی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کر رہی ہے، ویمن سیفٹی ایپ میں خواتین کیلئے مزید نئے فیچرز متعارف کروائے گئے ہیں۔
سیف سٹیز ترجمان نے بتایا کہ شہری جرائم کی خفیہ اطلاع دینے کیلئے کرائم سٹاپرز نمبر 033-SAFECITY یعنی 03372332489 پر کال کریں، سیف سٹی ویب سائٹ www.psca.gop.pk پر بھی تصویری یا ویڈیو شواہد کیساتھ خفیہ معلومات دی جاسکتی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ"سیف سٹی کرائم سٹاپر سروس" پر رابطہ کرنے والوں کی شناخت کسی صورت ظاہر نہیں ہوتی،خواتین بروقت امداد اور درست معلومات کے حصول کیلئے ویمن سیفٹی ایپ انسٹال کریں۔