(لاہور نیوز) ڈالر کی قیمت میں اضافہ مریضوں پر بھی اثر انداز ہونے لگا، جناح ہسپتال لاہور میں ایک ہفتےسے لیبارٹری کی مشینوں میں استعمال ہونے والا کیمیکل نایاب ہونے کے باعث لیبارٹری ٹیسٹ بند کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری ہسپتال میں ٹیسٹوں کی بندش کے باعث مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں 100 فیصد اور ان ڈور میں 50 فیصد ٹیسٹ بند کردئیے گئے ہیں ۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے نجی لیبارٹریوں سے کمیشن طے کرلیے ہیں اور اپنی من پسند لبیارٹریوں میں مریضوں کو ریفر کیا جارہا ہے ، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
ایم ایس ڈاکٹر امجد حسین کا کہنا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے لیب کیلئے ملنے والا کیمیکل مہنگا ہوا ہے، جس کے باعث ٹھیکیدار نے پرانے ریٹ پر کیمیکل دینے سے انکار کیا ہے، جلد ہی ٹھیکیدار سے معاملات طے کرکے کیمیکل منگوا لیا جائے گا۔
