(لاہور نیوز) شادی ہال مالکان نے ون ڈش قانون میں ترمیم کا مطالبہ کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ صاحبِ حیثیت افراد کو بچوں کی شادیوں میں ون ڈش سے زائد پکوان رکھنے کی اجازت دی جائے اور اس مقصد کیلئے حکومت مناسب فیس مقرر کرے، جس سے حاصل ہونے والی آمدن فلاحی منصوبوں پر خرچ کی جا سکے۔
اس حوالے سے میریج ہالز ایسوسی ایشن کے صدر ملک محمد اشفاق اشرف کی قیادت میں وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس کی قیادت سے ملاقات کی، وفد نے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نائب صدر خادم حسین چوہدری سے ملاقات کے دوران شادی ہالز اور ایونٹ مینجمنٹ کے شعبے کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سردار عثمان غنی نے کہا کہ شادی ہالز اور ایونٹ مینجمنٹ کے شعبے کو بھی انڈسٹری کا درجہ دیا جائے اور حکومت اس شعبے کو خصوصی مراعات اور سہولیات فراہم کرے، شادی ہالز کا شعبہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا کر رہا ہے، اس لئے ملکی معیشت میں اس کی اہمیت تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔
نائب صدر لاہور چیمبر خادم حسین چوہدری نے کہا کہ شادی ہالز کو صنعتی حیثیت دینے سے سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرے اور اس شعبے سے وابستہ افراد کو غیر ضروری پابندیوں کے بجائے سہولیات اور مراعات دی جائیں، شادی ہالز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ یہ شعبہ ملکی معیشت میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکے۔
صدر میریج ہالز ایسوسی ایشن ملک محمد اشفاق اشرف نے کہا کہ پیرا فورس اور ایف بی آر کی کارروائیوں سے شادی ہالز کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے، کاروباری سرگرمیوں میں غیر ضروری مداخلت بند کی جائے، اضافی ڈشز پر حکومت مناسب فیس مقرر کرے، شادی ہال مالکان یہ فیس ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، تاہم انہیں کاروبار کرنے کی سہولت فراہم کی جائے۔
ملک محمد اشفاق اشرف نے تجویز دی کہ اضافی ڈشز سے حاصل ہونے والی فیس حکومت کے فلاحی منصوبوں، خصوصاً دلہنوں کی مالی معاونت کیلئے جاری دھی رانی پروگرام اور اجتماعی شادیوں کے انعقاد پر خرچ کی جا سکتی ہے۔
