لاہور پولیس کی ملازمین اور شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے اقدامات
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے گزشتہ تین برسوں کے دوران پولیس ملازمین اور شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف مدات میں خطیر مالی معاونت فراہم کی ہے۔
شہداء پیکج کے تحت 14 شہداء کے خاندانوں کو 19 کروڑ روپے مالیت کے مکانات فراہم کیے گئے، جبکہ 15 شہداء کے خاندانوں کو مالی معاونت کی مد میں 7 کروڑ روپے دیے گئے۔
اسی طرح شہداء پولیس کے 225 بچوں میں تعلیمی وظائف کی مد میں 6 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے، جبکہ 31 شہداء کے خاندانوں کو جہیز فنڈ کی مد میں ڈیڑھ کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔
دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے 249 خاندانوں کو مالی معاونت کی مد میں 5 ارب 21 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے 6 ہزار 285 بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے 40 کروڑ روپے کے وظائف دیے گئے، جبکہ 3 ہزار 129 بچوں کی شادیوں کے لیے جہیز فنڈ کی مد میں 30 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔
علاوہ ازیں، دورانِ سروس اور ریٹائرمنٹ کے بعد وفات پانے والے پولیس ملازمین کے لواحقین کو 16 کروڑ روپے فیئر ویل پے کی مد میں ادا کیے گئے، جبکہ وفات پانے والے حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے ورثاء کو تجہیز و تکفین کے لیے 4 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس فورس کی فلاح و بہبود اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہداء کے بچوں کو معیاری تعلیم اور روشن مستقبل فراہم کرنا ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی زخمی یا معذور ہونے والے پولیس ملازمین کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہداء کے خاندانوں کو رہائش، بچوں کو معیاری تعلیم اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
سی سی پی او لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
