بچوں کے استحصال میں ملوث افراد کیلئے سخت سزاؤں کا نیا قانون لائیں گے: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کا تحفظ ایک محفوظ معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔ بچوں کی حفاظت، عزت اور بہتر مستقبل کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
مریم نواز نے بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام اور بحالی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سپیڈی کورٹس قائم کی جا رہی ہیں، جبکہ استحصال میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلانے کے لیے نیا ایکٹ لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو جنسی استحصال، بدسلوکی اور ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد صرف جرم نہیں بلکہ شرفِ انسانیت کے بھی منافی ہے۔ بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر سماج کے مجرم ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سیف سٹی کیمروں اور پنک بٹن کے ذریعے بچوں کی حفاظت یقینی بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ورچوئل سینٹرز برائے چائلڈ سیفٹی بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد گمشدہ اور اغوا شدہ بچوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا گیا ہے۔ بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔
