مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، عوامی فلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کے جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور اسمبلی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو اسمبلی کے امور سے متعلق بریفنگ دی اور اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی تاریخ ساز کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے طلبہ کے لیے ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم کو بھی سراہتے ہوئے انہیں نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے اہم اقدامات قرار دیا۔ انہوں نے قصور میں جاری بیوٹیفکیشن پلان اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر اور ہر گاؤں کی یکساں ترقی ہمارا عزم ہے۔ صوبے میں 45 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کی تکمیل ایک ریکارڈ بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مختلف اضلاع میں کیتھ لیب، کینسر سینٹرز، پیڈز ہسپتال اور دیگر طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
ملک احمد خان نے وزیر اعلیٰ کے ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے ترقیاتی منصوبے پنجاب کی تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ترقی کے سفر میں معاشرے کے ہر طبقے کو شراکت دار بنایا ہے۔انہوں نے بچوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نئے ایکٹ کی تشکیل کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں تحفظ اور بہتری کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔
