(لاہور نیوز) سرکاری سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریس اور سینئر ہیڈز کی بھرتیوں کی راہ ہموار ہو گئی.
ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کی 1629 نئی پوسٹیں تخلیق کرنے کی منظوری دی گئی ۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے 1629 نئی آسامیوں کی تخلیق سے اتفاق کر لیا۔
نئی آسامیوں میں 654 ہیڈ ماسٹرز، 748 ہیڈ مسٹریس کی پوسٹیں شامل ہیں، 177سینئر ہیڈ ماسٹرز اور 50 سینئر ہیڈ مسٹریس کی آسامیاں بھی تخلیق ہوں گی۔
ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کی 1402 ،سینئر ہیڈز کی 227 پوسٹیں ہوں گی، ہیڈ ماسٹرز اور ہیڈ مسٹریس کی آسامیاں بی ایس 17 میں تخلیق کی جائیں گی جبکہ سینئر ہیڈ ماسٹرز اور سینئر ہیڈ مسٹریس کی آسامیاں بی ایس 18 میں ہوں گی۔
نئی پوسٹوں پر تعیناتی متعلقہ اضلاع کے دستیاب فنڈز سے مشروط ہوگی۔لاہور میں ہیڈ ماسٹرز، ہیڈ مسٹریس اور سینئر ہیڈز کی 64 آسامیاں مختص ہیں۔
اسی طرح فیصل آباد میں سب سے زیادہ 79 نئی آسامیاں مختص کی گئی ہیں، گجرات میں 69، قصور میں 68، گوجرانوالہ میں 59، سیالکوٹ میں 58 اور راولپنڈی میں 57 نئی پوسٹیں مختص کی گئی ہیں۔
