(ویب ڈیسک) لاہورکی سرتال اکیڈمی کے بچوں نے ناروے کے موسیقار ولیم گیمبورگ کو بھی جھومنے پر مجبور کردیا، بچوں نے ایسے سر لگائے کہ نارویجن موسیقار بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ولیم گیمبورگ نے اس ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا تو دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیو وائرل ہوگی اور اب تک 2 روز کے دوران اسے ساڑھے 8 کروڑکے قریب افراد دیکھ چکے ہیں اور 90 لاکھ سے زائد افراد اسے لائیک کرچکے ہیں۔
اس ویڈیو کو سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی بڑے پیمانے پر شیئرکیا جارہا ہے اور صارفین ان پر تبصرے کر رہے ہیں، صارفین بچوں کی گائیکی کو سراہتے ہوئے ان کے اعتماد کی بھی تعریف کر رہے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں میوزک اکیڈمی کے بانی ضیاء الحق کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو گزشتہ ہفتے ریکارڈ کی گئی تھی، اس سے قبل بھی ہماری اکیڈمی کے بچوں کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جب بچوں نے پی ایس ایل کی ایک تقریب میں پرفارم کیا تھا۔
خیال رہے کہ ولیم گیمبورگ نارویجن ہپ ہاپ بینڈ کوئیک سٹائل کے رکن ہیں، کوئیک سٹائل کی بنیاد پاکستانی نژاد بھائیوں سلیمان ملک اور بلال ملک نے اپنے نارویجن نژاد تھائی دوست ناصر سری خان کے ساتھ مل کر 2006 میں رکھی تھی، یہ بینڈ پاکستان سمیت بھارت میں بھی مقبول ہے۔
2022 میں سلیمان ملک کی شادی پر ان کے تمام دوستوں نے پاکستانی اور بالی وڈ گانوں پر ڈانس کیا جس میں بالی وڈ گانے کالا چشمہ پر کیا گیا، ڈانس دنیا بھر میں خصوصا پاکستان اور بھارت میں وائرل ہوگیا جس کو سوشل میڈیا پر کروڑوں مرتبہ دیکھا گیا اور ان کے سٹائل کو شادیوں میں ہونے والے ڈانس میں کاپی کیا گیا۔
