پنجاب :ایک سال میں 4 لاکھ مویشی تیار،فارمرز نے اربوں روپے کا منافع کمایا: وزیراعلیٰ آفس
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کو خطے میں لائیوسٹاک کا مرکز بنانا حکومت کا ہدف ہے، لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے ایک سال کے دوران چار لاکھ مویشی تیار کیے گئے، جبکہ دیہی فارمرز کو اربوں روپے کا منافع حاصل ہوا۔
وزیراعلیٰ آفس کے اعلامیے کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے ہر فارمر کو فی مویشی 27 ہزار روپے منافع حاصل ہوا۔ پنجاب میں اب تک 8 ایف ایم ڈی (منہ کھر بیماری) کمپارٹمنٹس کو نوٹیفائی کیا جا چکا ہے، جبکہ رواں سال مزید 7 کمپارٹمنٹس قائم کیے جائیں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان کمپارٹمنٹس کے قیام سے پنجاب سے چین، یورپ اور امریکہ کو مویشیوں کی برآمدات کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ لائیوسٹاک کارڈ کے تحت 129,581 مویشی برآمد کیے گئے۔ لاہور سے 20 ہزار، بہاولپور سے 24,297، فیصل آباد سے 12,529، گوجرانوالہ اور گجرات سے مجموعی طور پر 21 ہزار، ملتان سے 27 ہزار، سرگودھا سے 22 ہزار اور ساہیوال سے 2,661 مویشی برآمد کیے گئے۔
حکومت پنجاب نے لائیوسٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید سہولتوں کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ منصوبے کے تحت صوبے میں 5 میٹ پراسیسنگ پلانٹس اور 5 جدید سلاٹر ہاؤسز قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ میٹ پیکنگ ہاؤسز، کمرشل اسکیل فیڈ لاٹس اور کارپوریٹ فیڈ لاٹس بھی قائم ہوں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لائیوسٹاک کے شعبے میں مربوط ویلیو چین کی بہتری کے لیے حکومت پنجاب 19 ارب روپے کی فنانسنگ سبسڈی فراہم کرے گی، جبکہ میٹ ویلیو چین میں 65 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
پنجاب میں پہلی مرتبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایف ایم ڈی ویکسین کی تیاری کا یونٹ قائم کیا جائے گا، جس میں 28 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
لائیوسٹاک کنیکٹ سسٹم کے تحت 1,725 فیٹننگ فارمز، 20 ایکسپورٹ مذبح خانوں، 88 میٹ ایکسپورٹرز اور 34 میٹ ٹریڈرز سے براہ راست رابطے قائم کیے گئے ہیں۔ لائیوسٹاک کارڈ کے اجرا کے بعد پنجاب میں دیہی خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1,107 ہو گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے لائیوسٹاک فارمرز کو قومی برآمد کنندگان اور بین الاقوامی ویب سائٹس سے منسلک کرنا چاہتی ہے تاکہ انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو اور ان کی آمدن میں اضافہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو خطے میں لائیوسٹاک کا مرکز بنانا حکومت کا ہدف ہے۔
