(لاہور نیوز) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر کا اہم اجلاس ہوا، جس میں دھی رانی، ہمت کارڈ، اسسٹیو ڈیوائسز اور وہیل چیئر پروگرامز کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت متعلقہ افسران اور ڈویژنل ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوام دوست ویژن کے تحت رواں سال دھی رانی پروگرام میں 5 ہزار اجتماعی شادیوں کے ہدف پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے درخواستوں کی شفاف تصدیق اور مستحق خاندانوں کے میرٹ پر انتخاب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ دھی رانی پروگرام کے حقیقی مستحق خاندانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے۔ مستحق خاندانوں کو کیش سلامی کے حصول میں سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب بینک کے ذریعے اے ٹی ایم کارڈز بروقت تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
صوبائی وزیر نے دھی رانی پروگرام کی آئندہ تقریبات کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موبائل ایپ پر موصول ہونے والی درخواستوں کی بنیاد پر شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار کے تحت تقریبات منعقد کی جائیں۔
اجلاس میں رواں سال 5 ہزار اجتماعی شادیوں کے لیے درخواستوں کی تصدیق، مستحقین کے انتخاب اور تقریبات کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ہمت کارڈ کے حوالے سے صوبائی وزیر نے مستحق خصوصی افراد کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمت کارڈ کے مستحقین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں ہمت کارڈ کے بجٹ اور پروگرام سے متعلق دیگر امور پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اسسٹیو ڈیوائسز اور وہیل چیئر پروگرامز کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے مستحق افراد تک سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ عوامی فلاحی پروگرامز کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور مؤثر بنانا حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔
