لاہورمیں 36 سڑکوں کی بحالی کا بڑا منصوبہ ، 7 ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کی 36 اہم سڑکوں کو خستہ حالی سے نکالنے اور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے بڑا منصوبہ تیار کرلیا گیا، سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام محکمہ مواصلات سے لے کر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پر 36 ترقیاتی سکیمیں ایل ڈی اے اپنے ذاتی وسائل سے مکمل کرے گا، جبکہ تمام سکیموں پر عملدرآمد کا ٹاسک بھی ایل ڈی اے کو دینے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق 36 سڑکوں میں سے 15 پہلے ہی ایل ڈی اے کی حدود میں شامل ہیں، جبکہ 21 سکیمیں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے دائرہ اختیار میں ہیں۔ تمام 36 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ مستقبل میں ان کے آپریشن اور مینٹی ننس کی ذمہ داری بھی ایل ڈی اے کو دینے کی تجویز ہے۔
لاہور کے مضافاتی علاقوں کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے 36 سڑکوں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے نے سڑکوں کی بحالی کیلئے تفصیلی سروے بھی مکمل کرلیا ہے اور تمام سکیموں کی تفصیلات مرتب کرلی گئی ہیں۔
36 ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 7 ارب 38 کروڑ 26 لاکھ 77 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جس کی پنجاب کابینہ سے منظوری مانگ لی گئی ہے۔
لاہور کی 36 سڑکوں کی بحالی کیلئے ان سکیموں کو اے ڈی پی 2026-27 میں شامل کرنے کی درخواست بھی کردی گئی ہے۔ 36 سڑکوں کا منصوبہ پنجاب کابینہ کے سامنے رکھنے کی تیاری جاری ہے، جبکہ منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری ایل ڈی اے کو دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے شہریوں کیلئے بڑی پیش رفت کے طور پر 36 سڑکوں کی بحالی کا منصوبہ جلد شروع کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ منصوبے کیلئے 7.382 ارب روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور پنجاب کابینہ سے حتمی منظوری طلب کرلی گئی ہے۔
25 اپریل کے اجلاس میں لاہور کی 36 سڑکوں کی فوری بحالی کا فیصلہ کیا گیا تھا، اب اس منصوبے کو پنجاب کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سینئر وزیر پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں لاہور کی 36 سڑکوں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ شہریوں کی مشکلات ختم کرنے اور لاہور کے مضافاتی علاقوں میں سفری سہولیات بہتر بنانے کیلئے سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام ایل ڈی اے کے سپرد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
